امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کیساتھ مذاکرات کیلئے پاکستان آئیں گے یا نہیں؟ اہم خبر

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس امریکا میں موجود رہ کر ایران سے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکراتی عمل پر نظر رکھیں گے۔

ترجمان وائٹ ہاوس کیرولین لیویٹ نے امریکی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح ایران سے مذاکرات کے لئے پاکستان روانہ ہوں گے۔ کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ ایران نے خود رابطہ کیا اور بالمشافہ ملاقات کی درخواست کی ہے۔ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق ضرورت پڑنے پر سب کو پاکستان روانگی کے لیے اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کیلئے اعلی سطح کا وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سی این این کے مطابق امریکی وفد میں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے، امریکی صدر کی جانب سے وفد پاکستان بھیجنے کی دو حکام کی جانب سے تصدیق کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ کچھ دیر قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی دورہ پاکستان کا اعلان کیا، اپنے بیان میں ان کا کہناتھا کہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دورے کا آغاز کر رہا ہوں، دوروں کا مقصد شراکت داروں کے ساتھ علاقائی پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے، ہمارے ہمسایہ ممالک ہماری اولین ترجیح ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں مذاکراتی وفد کی آمد متوقع ہے، ایرانی وفد وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرے گا، وزیراعظم اور ایرانی وفد کی ملاقات میں عسکری قیادت بھی موجود ہوگی۔

امریکہ کی لاجسٹک، سکیورٹی ٹیم مذاکراتی عمل کیلئے اسلام آباد میں پہلے سے ہی موجود ہے، جبکہ ایرانی وفد کی آمد کے امکان کے باعث اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، توسیعی ریڈ زون دوبارہ سیل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close