نئے عام انتخابات کا شیڈول، صدر عارف علوی نے نئی تجویز پیش کر دی

لاہور (پی این آئی)صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری ملک میں آگ لگانے کے مترادف ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے خیال ظاہر کیا کہ عمران خان یا کسی بڑے رہنما کی گرفتاری سے مزاحمت ہو گی، عمران کو خدشہ ہے کہ الیکشن آگے کر دیے جائیں گے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ سیاست دان مذاکرات کیلئے نہ بیٹھنا چاہیں تو کتنی بار کہوں؟ عمران خان مذاکرات سے انکاری نہیں لیکن حکومت کی طرف سے کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی، ڈیڑھ ماہ سے حکومت کی جانب سے خاموشی ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ میں یہاں تک کہہ چکا ہوں فوری الیکشن میں سے ’فوری‘ نکال کر بات کر لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب سے صوبائی الیکشن کی تاریخ پر بات ہوئی، گورنر کا کہنا ہے اسمبلی توڑنے پر دستخط کرتے تو انہیں تاریخ دینی تھی، وہ کوئی غیر آئینی کام نہیں کریں گے۔ صدر علوی نے کہا کہ فواد چوہدری کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ درست نہیں تھا، ہتھکڑیاں لگا کر اور منہ پر کپڑا ڈالنے پر شرم آنی چاہیے۔صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنی عزت بحال کرانے کیلئے پولیس کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر اعتراض ہوگا تو پولیس بلانے کے بجائے اپنی کارکردگی ٹھیک کروں گا، الیکشن کمیشن پر اعتراض ہوگا تو کیا پولیس بلائی جانی چاہیے؟ صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ مجھے ایسا نہیں لگ رہا کہ حکومت اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے۔۔۔۔

close