وزیر اعظم کا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی فنڈ قائم کر نے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں سیلاب سے غیرمعمولی تباہی ہوئی ہے جبکہ سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بھی سیلاب سے بے تحاشہ نقصان ہوا ہے۔تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت میں قیامت صغریٰ برپا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لیے فوری جاری کر دیے ہیں۔ عوام بالخصوص مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں اور مشکلات میں گھرے ان افراد کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرہ بھائیوں،بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے۔گزشتہ روز وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ے درمیان ریسکیو اور ریلیف کے کام کو موثر انداز سے سرانجام دینے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیران، پارلیمنٹ کے ارکان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، سینئر حکومتی ارکان، چیئرمین این ڈی ایم اے اور ڈی جی محکمہ موسمیات نے شرکت کی۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ وزیراعظم نے وزراتِ خزانہ کو فوری طور پر 5 ارب روپے این ڈی ایم اے کو جاری کرنے کی ہدایت کی ۔

close