وزیراعظم عمران خان ماسکو پہنچ گئے، ریڈکارپٹ پر شاندار استقبال، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

ماسکو (پی این آئی) وزیر اعظم کا تاریخی دورہ روس، ماسکو پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ روس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، عمران خان کا طیارہ اب سے کچھ دیر قبل روس کے دارالحکومت لینڈ کر گیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے طیارے کی ماسکو ائیرپورٹ لینڈنگ کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو ائیرپورٹ پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، انہیں خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پاکستانی اور روسی حکام نے ماسکو ائیرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے تاریخی دو روزہ دورہ روس کیلئے بدھ کے روز ماسکو کیلئے روانہ ہوئے۔دورہ روس کے دوران وزیراعظم عمران خان سے اہم روسی قیادت ملاقاتیں کریں گے۔ روس کے دورے کے دوران وفاقی وزراء مخدوم شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ صدر پیوٹن اور وزیر اعظم کی ملاقات اس دورہ کا اہم ترین جزو ہوگا۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد و اسلامک سنٹر کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم عمران خان سے اہم روسی قیادت بشمول نائب وزیر اعظم، روسی سرمایہ کار اور تاجر ملاقاتیں کریں گے ۔ صدر پیوٹن سے ملاقات میں وزیر اعظم بین الاقوامی اور خطے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقات میں روس پاکستان دوطرفہ تعلقات خصوصاً توانائی شعبے پر بات چیت ہوگی۔ اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور لائی جائے گی۔وزیر اعظم کا دورہ، روس اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ وزیرِ اعظم عمران خان دو دہائیوں کے بعد پہلے پاکستانی وزیرِ اعظم ہیں جو روس کا دورہ کر رہے ہیں.۔

close