اپوزیشن چاہے تو عدم اعتماد کی تحریک ضرور لائے، وزیراعظم عمران خان نے چیلنج دے دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے اگلے تین ماہ کو اپنی حکومت کے لیے کافی اہم قرار دے دیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی چینل سے گفتگو میں اپوزیشن جماعتوں کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اگر تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لے آئے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے، تمام تر شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ کر نکل رہے ہیں۔

شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، کیا کوئی انکار کرسکتا ہے کہ شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی۔ وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں مزید توسیع کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کہا کہ آرمی چیف کو مزید توسیع دینے سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اپنی پارٹی کی ناکامی کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ سے پارٹی کو بہت نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہار پارٹی کی تنظیمی سطح پر بڑی ناکامی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نے ںپنجاب حکومت کی کارگردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں، ہمارے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہو رہی۔۔۔۔

close