تجاوزات کوئی طاقتور شخص کرے یا ادارہ، قابل قبول نہیں، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان نیوی اور فضائیہ کو اپنی حدود میں رہنے کا حکم جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)تجاوزات چاہے کسی ادارے کی ہوں یا کسی طاقتور آدمی کی انہیں ختم کیا جائے، وزیراعظم عمران خان نے نیوی اور پاک فضائیہ کواپنی باؤنڈریز گرین بیلٹ اور دیگر مقامات سے پیچھے لے جانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں واضح ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں گرین بیلٹ اوردیگر مقامات پر تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے۔فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوی کو اپنی باؤنڈری گرین ایریا سے پیچھے لے جانے کا کہا گیا ہے جبکہ فضائیہ کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ایریاز کو چھوڑیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری اداروں خصوصی اسلام آباد پولیس کو اپنی چیک پوسٹیں ختم کرنے کا کہا گیا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ تجاوزات چاہے کسی ادارے کی ہیں یا کسی طاقتور آدمی کی انہیں ختم کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں نالوں پر قائم تمام تجاوزات گرانے کا حکم دیا تھا۔شیخ رشید نے اسلام آباد میں نالوں پر قائم تمام تجاوزات 31 اگست تک گرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس آپریشن کی خود نگرانی کریں گے۔اسلام آباد میں حالیہ سیلابی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ اسی سال نالہ لئی کا منصوبہ شروع ہوگا کیونکہ نالہ لئی راولپنڈی کا واحد بڑا مسئلہ ہے جو ابھی تک حل نہیں ہوا۔وفاقی وزیر داخلہ کا نالہ لئی کے دورہ کے دوران کہنا تھا کہ اسلام آباد کے سارے نالوں پر لوگوں نے قبضے کیے ہیں، نالہ لئی منصوبے کے افتتاح کی خوشخبری 90 روز کے اندر دیں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ نالہ لئی کے آس پاس جتنی بھی آبادی ہے ہمارے لیے قیمتی ہے، واسا سمیت ریسکیو کیلئے پولیس فوج اور لوکل انتظامیہ موجود ہے۔

close