بانی ایم کیو ایم اور نواز شریف کی واپسی !وزیرداخلہ شیخ رشید نے ہاتھ کھڑے کر لیے

اسلام آ باد (آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ خطے کے حالات تیزی سے بدلنے جا رہے ہیں اور اگلے 6 ماہ انتہائی اہم ہیں، ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں مودی ملوث ہے،فیٹف سے پہلے کوئٹہ اور مختلف شہروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کر دی ہیں اور اب پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار شروع کر دی گئی ہے، شہباز شریف مفاہمت کی طرف بڑھ رہے ہیں ، شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل )سے نام نکالنے کے لیے درخواست ہی نہیں دی، میں لندن سے بانی متحدہ کو لاسکتا ہوں اور نہ ہی نواز شریف کو، شہباز شریف کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو وطن واپسی پر جیل نہ جانا پڑے، داسو واقعے کو دفتر خارجہ ڈیل کر رہا ہے اور افغان سفیر کی بیٹی کیس پر افغان تفتیشی ٹیم پاکستان میں موجود ہے۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خطے کے حالات تیزی سے بدلنے جا رہے ہیں، چھ ماہ بہت اہم ہیں، بھارت نے پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار شروع کر رکھی ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے، افغانستان کا فیصلہ افغان قوم نے کرنا ہے ان کا فیصلہ ہمیں قبول ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کیلئے 680سینٹر کھولے ہیں، ان میں صرف کل 2لاکھ لوگ آئے، تھوڑا صبر کرلیں،سب کو سرٹیفکیٹ ملے گا، ہم اپنی استعداد کار بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے، نادرا اور وزارت خارجہ سے کرپٹ لوگوں کو نکالیں گے، کرپٹ مافیا کے خلاف جھاڑو پھیریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بلدیات کیلئے الیکشن کمیشن نے 50وارڈز کا کہا ہم نے 110وارڈز بنا کر الیکشن کمیشن کو بھیجے ہیں اب فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ (ن) اور (ش) کا معاملہ ہو گیااب شہبازشریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے، پیپلز پارٹی اور نون لیگ کو سمجھ آ گئی ہے، دونوں اپنی اصل جگہ پر آ گئے ہیں، دونوں کو مفت مشورہ دیتا ہوں پاکستان میں نئی ریجنل سیاست ہونے جا رہی ہے، یہ تمہاری سوچ سے بھی بڑی سیاست ہے اور عمران خان جو سیاست کھیلے گا آپ لوگ چوں چوں کا مربہ ہیں، ان باتوں کی سمجھ آپ کو نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہیں جا رہے، یہ اتنی نالائق اپوزیشن ہے کہ یقین ہو گیا ہے اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہی ہوں گے، پہلے اپنا گھر ٹھیک کروتم ملک کیا خاک ٹھیک کرو گے،دونوں گھروں میں مفاہمت اور مزاحمت کی لڑائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے فیصلے دو سالوں میں ہو جائیں گے، الیکشن سے پہلے نیب کیسز کا بھی فیصلہ آ جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نہیں دی، ہم نام خود کیسے نکال سکتے ہیں،مجھے شک ہے شہباز شریف رستہ بنا رہا ہے کہ نواز شریف کو الیکشن کے دنوں میں جیل نہ جانا پڑے، شہباز شریف وہی اسٹرٹیجی اپنا رہا ہے جو انہوں نے نواز شریف کو سعودی عرب سے لانے کیلئے اپنائی تھی۔

close