سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کنٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد معیاری اور اصل مواد تخلیق کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
نئے پروگرام کا نام ’اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام‘ رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے کاپی شدہ، چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اصل اور منفرد مواد تیار کرنے والے کریئیٹرز کو مالی فائدہ پہنچانے پر توجہ دی جائے گی۔
ایکس کے مطابق موجودہ ’ایڈز ریوینیو شیئرنگ‘ پروگرام 7 ستمبر 2026 کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا، جبکہ پرانے پروگرام کے تحت کریئیٹرز کو آخری ادائیگی 11 ستمبر کو کی جائے گی۔ تاہم یہ سہولت پاکستان میں موجود صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔
نئے پروگرام کے لیے درخواستوں کا آغاز 8 ستمبر 2026 سے ہوگا۔ وہ صارفین جن کی شناختی تصدیق پہلے ہی مکمل ہے اور پے آؤٹ کا طریقہ ان کے اکاؤنٹ سے منسلک ہے، انہیں دوبارہ تصدیقی مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئے نظام کے تحت ایکس کا بنیادی مقصد ایسے کریئیٹرز کو مالی طور پر فائدہ پہنچانا ہے جو پلیٹ فارم پر مستقل طور پر اصل، منفرد اور معیاری مواد تخلیق کرتے ہیں۔






