نیپرا نے چھوٹے سولر صارفین کے لیے بڑی سہولت متعارف کراتے ہوئے سولر ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کر دی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 25 کلو واٹ تک تقسیم شدہ بجلی پیدا کرنے والے سولر صارفین کو نیپرا سے پیشگی اجازت لینے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ایسے صارفین کے لیے متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی کو براہِ راست منظوری دینے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ترامیم کے تحت قواعد میں “اجازت” کے ساتھ “منظوری” کا لفظ بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ بعض تقاضوں کو قابلِ اطلاق ہونے کی صورت میں مشروط کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فیصلہ سازی کے اختیار کو نیپرا سے نچلی سطح تک منتقل کرنے اور طریقہ کار کی رکاوٹیں کم کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ان ترامیم کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا اور تقسیم شدہ بجلی کی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ اس اقدام سے پاکستان میں صاف توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی، جبکہ گھروں کی چھتوں پر نصب سولر سسٹمز اور دیگر چھوٹے پیمانے کے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔





