پاکستان نے 16 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
نیدرلینڈز میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے جاپان کے خلاف میچ میں 0-2 کے خسارے میں جانے کے بعد شاندار کم بیک کیا اور جاپان کو 4-3 سے شکست دے کر یادگار فتح اپنے نام کرلی۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے 2 گول کیے، جبکہ حنان شاہد اور حمادالدین نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان 4-3 کا نتیجہ 2026 ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی سامنے آیا تھا، جس میں پاکستان نے دو گول کے خسارے کے بعد کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل 2010 کے ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔
2014 میں پاکستان ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا، جبکہ 2018 کے ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم ایک میچ بھی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔






