چیئرمین پی سی بی کا کرکٹ فینز کیلئے بڑے سرپرائز کا اعلان

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کرکٹ شائقین سے نیشنل چیمپئنز کپ کے میچز دیکھنے کے لیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم آنے کی اپیل کرتے ہوئے شائقین کے لیے بڑا سرپرائز دینے کا اعلان کردیا۔

ایکس پر جاری اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ ’’ہیلو ملتان! نیشنل چیمپئنز کپ آج بھی جاری ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ شائقین کے پسندیدہ کرکٹرز صاحبزادہ فرحان، عرفات منہاس، حسن علی، سفیان مقیم، فخر زمان، شاداب خان، فہیم اشرف اور نسیم شاہ سمیت دیگر کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ فینز کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم آئیں اور سنسنی خیز کرکٹ سے لطف اندوز ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں دوپہر 3 بجے سے رات 10 بجے تک داخلہ مفت ہوگا۔

محسن نقوی نے اہل ملتان سے مخاطب ہو کر مزید کہا کہ آج رات 10 بجے جشن آزادی کی مناسبت سے ’’ملتان کے لیے ایک سرپرائز بھی ہوگا۔‘‘

واضح رہے کہ ملتان میں آج نیشنل چیمپئنز کپ کا پانچواں میچ پاکستان گرینز اور پاکستان بلیوز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جس میں پاکستان گرینز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔