فخر زمان آئندہ ورلڈکپ میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے؟ اہم بیان سامنے آگیا

پاکستان کے قومی اوپنر فخر زمان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہوں نے بیٹنگ پریکٹس کا بھرپور آغاز کر دیا ہے۔ لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) کے وائٹ بال کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب ان کی تمام تر توجہ 2027ء کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں پر مرکوز ہے۔

فخر زمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ ماہ کے تربیتی کیمپ نے تمام کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں کو دور کرنے اور صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے نیشنل چیمپئنز کپ کے ذریعے مسابقتی کرکٹ میں واپسی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے امید جتائی کہ وہ جنوبی افریقا کی باؤنسی وکٹوں پر اپنے ماضی کے بہترین ریکارڈ اور تجربات کی بنیاد پر 2027ء کے ورلڈ کپ میں نمایاں کارکردگی دکھائیں گے۔

نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ محض ایک یا دو پی ایس ایل اننگز کی بنیاد پر کسی کو بڑا کھلاڑی تسلیم نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ میں واضح فرق ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں شمولیت اور جگہ کا معیار صرف مستقل اور پائیدار کارکردگی ہی ہونا چاہیے۔