فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی جانب سے ارجنٹینا فٹبال فیڈریشن کے صدر کلاڈیو تاپیا کو بھیجا گیا مبارکبادی خط منظرِ عام پر آ گیا، جس میں فیفا صدر نے ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
یہ خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فیفا اسپین کے خلاف ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر ارجنٹائنی اور ہسپانوی کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی اور دیگر واقعات کی باضابطہ تحقیقات کر رہا ہے۔
خط میں جیانی انفینٹینو نے 19 جولائی 2026 کو کھیلے گئے فائنل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ارجنٹینا نے اسپین کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیفا ورلڈ کپ 2026 کا سلور میڈل حاصل کیا، اور اس شاندار کارکردگی پر ارجنٹینا فٹبال فیڈریشن کو دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارجنٹینا کی عمدہ کارکردگی نے ٹورنامنٹ کو یادگار بنایا، جبکہ کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ کی محنت، پیشہ ورانہ انداز اور کھیل سے وابستگی اس کامیابی کی بنیاد رہی۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ فائنل میں اضافی وقت میں اسپین سے شکست کے بعد میدان کا ماحول کشیدہ ہو گیا تھا۔ ٹرافی تقسیم کی تقریب کے دوران ارجنٹینا کے بیشتر کھلاڑیوں نے اسٹیج پر پیٹھ موڑ لی تھی، جبکہ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ فیفا کی روایت کے مطابق ہر ورلڈ کپ کے اختتام پر میڈل جیتنے والی ٹیموں کو تنظیم کی جانب سے رسمی مبارکبادی خطوط بھیجے جاتے ہیں۔






