//

ارجنٹائن کے ورلڈ کپ ہارنے کی5 بڑی وجوہات سامنے آ گئیں

ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی کامیابی کے پانچ بڑے عوامل

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں ارجنٹائن کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے کا واحد گول متبادل اسٹرائیکر فیران ٹوریس نے 106ویں منٹ میں کیا، جس کے ساتھ ہی اسپین نے 2010 کے بعد دوبارہ ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔

اگرچہ میچ صرف ایک گول کے فرق سے ختم ہوا، تاہم پورے مقابلے میں اسپین نے کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور ارجنٹائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ فائنل میں اسپین کی فتح کے نمایاں عوامل یہ رہے:

لیونل میسی پر حد سے زیادہ انحصار

ارجنٹائن کا زیادہ تر انحصار اپنے کپتان لیونل میسی پر رہا، لیکن اسپین کے دفاع نے انہیں مؤثر کھیل پیش کرنے کا موقع نہیں دیا۔ میسی نہ تو نمایاں مواقع بنا سکے اور نہ ہی اپنی ٹیم کے حملوں کو مؤثر انداز میں منظم کر سکے۔

اسپین کے مڈفیلڈ کا مکمل کنٹرول

ہسپانوی مڈفیلڈ نے گیند پر بھرپور کنٹرول رکھتے ہوئے کھیل کی رفتار اپنے ہاتھ میں رکھی۔ تیز رفتار پاسنگ اور فوری طور پر گیند واپس حاصل کرنے کی صلاحیت نے ارجنٹائن کے حملہ آور منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔

اینزو فرنانڈیز کا ریڈ کارڈ

دوسرے ہاف کے اضافی وقت میں اینزو فرنانڈیز کو دوسرا پیلا کارڈ ملنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد ارجنٹائن کو دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ اسپین نے اضافی وقت میں اس عددی برتری سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور فیران ٹوریس کے ذریعے فیصلہ کن گول اسکور کیا۔

لیساندرو مارٹینیز کی انجری

پہلے ہاف کے اختتام سے قبل لیساندرو مارٹینیز کی انجری نے ارجنٹائن کے دفاعی توازن کو متاثر کیا۔ ان کی جگہ نکولس اوٹامینڈی میدان میں آئے، تاہم دفاع میں وہ ہم آہنگی برقرار نہ رہ سکی جو مارٹینیز کی موجودگی میں نظر آ رہی تھی۔

ارجنٹائن کے حملے کی ناکامی

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم ہونے کے باوجود ارجنٹائن فائنل میں جارحانہ کھیل پیش نہ کر سکی۔ مقررہ وقت میں ٹیم ایک بھی شاٹ ہدف پر نہ لگا سکی، جبکہ مجموعی طور پر صرف دو شاٹس لیے۔ اس کے برعکس اسپین نے متعدد خطرناک حملے کیے اور میچ کے دوران مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

مجموعی طور پر اسپین نے مضبوط دفاع، مڈفیلڈ پر مکمل کنٹرول اور اضافی وقت میں عددی برتری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فتح حاصل کی، جبکہ ارجنٹائن فیصلہ کن مواقع پیدا کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث عالمی ٹائٹل اسپین کے نام ہو گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close