//

فیفا ورلڈ کپ2026 کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

فیفا ورلڈ کپ 2026: فاتح ٹیم کو ریکارڈ 5 کروڑ ڈالر انعام ملے گا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فاتح کے لیے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم مقرر کی گئی ہے۔ چیمپئن ٹیم کو 5 کروڑ امریکی ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 6-4 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس کامیابی پر انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر انعامی رقم ملے گی۔

فیفا نے دسمبر 2025 میں اعلان کیا تھا کہ 48 ٹیموں پر مشتمل تاریخ کے سب سے بڑے ورلڈ کپ کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر رکھا گیا ہے، جو تمام شریک ٹیموں میں ان کی کارکردگی کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔

اب ٹورنامنٹ میں صرف فائنل میچ باقی ہے، جہاں اسپین اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

فیفا کی تفصیلات کے مطابق کوارٹر فائنل تک پہنچنے والی ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ کو فی ٹیم ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

نویں سے سولہویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں، جن میں میکسیکو، کولمبیا، برازیل، امریکا، پرتگال، کینیڈا، مصر اور پیراگوئے شامل ہیں، کو فی ٹیم ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ سترہویں سے بتیسویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ تینتیسویں سے اڑتالیسویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو 90 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی۔

فیفا نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو مقابلوں کے آغاز سے قبل تیاریوں کے اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ امریکی ڈالر بھی فراہم کیے گئے۔

واضح رہے کہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا نے چیمپئن بننے پر 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ 2018 میں فرانس نے عالمی چیمپئن بننے پر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر انعامی رقم حاصل کی تھی۔ 2026 کے ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر کی رقم ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم قرار دی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close