کیپ ٹاؤن (آئی این پی)فیفا ورلڈکپ 2026 میں نمایاں کردار ادا کرنے ولے جنوبی افریقا کے نوجوان فٹبالر جیڈن ایڈمز 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقی کلب میملوڈی سن ڈانز کے مڈفیلڈر جیڈن ایڈمز نے چند ہفتے قبل ہی فیفا ورلڈ کپ 2026 میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا سب سے بڑا سنگِ میل عبور کیا تھا۔جیڈن ایڈمز نے ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقا کی تاریخی مہم میں اہم کردار ادا کیا اور گروپ مرحلے کے تمام میچز کھیلے۔ جنوبی افریقی ٹیم پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے ناک آٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔جنوبی افریقا کے وزیر برائے کھیل، فنون اور ثقافت گیٹن میکینزی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جیڈن ایڈمز کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کے بقول جنوبی افریقی فٹبال اپنے روشن ترین نوجوان ٹیلنٹس میں سے ایک سے محروم ہو گیا ہے اور پوری قوم ان کے اہلِ خانہ، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ جیڈن ایڈمز کی وفات کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، اس لیے میڈیا اور عوام سے اپیل ہے کہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور اس مشکل وقت میں اہلِ خانہ اور کلب کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






