پاکستان وائٹ بال ٹیم کے فیلڈنگ کوچ شین میکڈرمٹ مستعفی
پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ شین میکڈرمٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین میکڈرمٹ نے اپنا استعفیٰ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ارسال کر دیا ہے۔ انہوں نے نجی مصروفیات کے باعث بطور فیلڈنگ کوچ ذمہ داریاں چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ کچھ عرصہ قبل پی سی بی سے چھٹی لے کر اپنے وطن آسٹریلیا واپس گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شین میکڈرمٹ کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تین سالہ معاہدہ تھا، تاہم انہوں نے معاہدے کی مدت مکمل ہونے سے قبل ہی استعفیٰ دے دیا۔
شین میکڈرمٹ نے 5 جولائی 2025 کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے۔
ان کی کوچنگ کے دوران قومی ٹیم کی فیلڈنگ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی، جسے ان کی محنت کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔ ان کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو مصروف بین الاقوامی شیڈول سے قبل نئے فیلڈنگ کوچ کی تقرری کرنا ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






