سری لنکا کی بھارت سے شکست کے باوجود پاکستان کیلئے بُری خبر آگئی

کولمبو (پی این آئی ) بھارت کے ہاتھوں سری لنکا کی شکست کے باوجود پاکستان کیلئے بری خبر، بھارتی ٹیم کی آسان فتح کے باوجود پاکستان کا نیٹ رن ریٹ بہتر نہ ہو سکا، لنکن لائنز کا نیٹ رن ریٹ اب بھی قومی ٹیم سے بہتر قرار۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے کولمبو میں کھیلے گئے سپر 4 مرحلے کے چوتھے میچ میں سری لنکا کو 41 رنز سے شکست دے کر ایشیاء کپ فائنل میں جگہ بنا لی۔سری لنکا کیخلاف بھارت کی اس فتح سے پاکستان کیلئے بھی فائنل تک رسائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں، تاہم لنکن لائنز کی شکست کے باوجود قومی ٹیم کی ایک بڑی مشکل آسان نہ ہو سکی۔ سپر 4 مرحلے کے 4 میچز مکمل ہو جانے کے بعد سری لنکا اب بھی بہت نیٹ رن ریٹ کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے آگے ہے۔پاکستان اور سری لنکا دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 2،2 ہیں، تاہم سری لنکا نیٹ رن ریٹ منفی عشاریہ 20 ہے، جو کہ پاکستان کے نیٹ رن ریٹ منفی 1.892 سے بہتر ہے۔اسی لیے ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو 14 ستمبر کو شیڈول میچ میں سری لنکا کیخلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنی ہو گی۔ اگر پاکستان 14 ستمبر کو شیڈول میچ میں فتح کے باوجود اپنا رن ریٹ بہتر نہ کر سکا، تو اس صورت میں پاکستان کیلئے فائنل تک رسائی کے امکانات تقریباً ختم ہو جائیں گے۔ جبکہ اگر میچ میں بارش ہو گئی یا پاکستان کو شکست ہوئی، تو اس صورت میں بھی ٹورنامنٹ میں پاکستان کا سفر تمام ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ اب ایشیاء کپ ٹورنامنٹ میں صرف 3 میچز باقی رہ گئے ہیں۔ 14 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا مدمقابل آئیں گے، جبکہ 15 ستمبر کو بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گے۔ 15 ستمبر کو سپر 4 مرحلے کے اختتام کے بعد 17 ستمبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ تمام میچز بھی بارش سے متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔

close