فیفا ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ، مسلم ملک کی ٹیم میدان میں سجدہ ریز ہو گئی

دوحہ(آئی این پی)فیفا ورلڈ کپ 2022 کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو ہرا کر پہلی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ،جیت کے بعد مراکش کی ٹیم میدان میں سجدہ ریز ہو گئی جبکہ رونالڈو میچ ختم ہوتے ہی روتے ہوئے گرانڈ سے روانہ ہوئے۔گزشتہ رات قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مراکش اور پرتگال کے درمیان بڑا دلچسپ مقابلہ ہوا۔پہلے ہاف کے ابتدائی 42 منٹ میں دونوں ٹیمیں گول کرنے کی کوششیں کرتی رہیں، اس کے بعد مراکش کے یوسف النصری نے پہلا گول کیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

مراکش کے گول کیپر نے پرتگال کے کئی زبردست حملے جو یقینی گول بن سکتے تھے انہیں بچا کر اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔یوں مراکش فٹ بال ورلڈ کی بڑی ٹیم پرتگال کو ایک صفرسے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، یوں وہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب ٹیم بن گئی ہے۔مراکش اب تک فیفا ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا دوسرا مسلم ملک ہے، اس سے قبل 2002 کے ورلڈکپ میں ترکی سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔۔

close