ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ، پاکستان بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پیرس (آئی این پی )نینسی فرانس میں جاری ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو 0-2 سے شکست دے دی اور سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ورلڈ اسکواش ٹوئٹر کے مطابق جونیئر چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی دو ٹیمیں پاکستان اور مصر کی ہیں۔پاکستان کے نور زمان نے بھارت کے کرشنا مشرا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے ہرا دیا۔نور زمان نے بھارتی حریف کو 12-14، 8-11، 4-11 سے شکست دی۔ اسی طرح پاکستان کے حمزہ خان نے بھارت کے ارناوو سارن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی۔

پانچ سیٹ پر مشتمل میچ کے پہلے اور دوسرے سیٹ میں حمزہ خان نے حریف کو 6-11 اور 10-12 سے مات دی۔بھارتی کھلاٹی ارناوو سارن نے تیسرے اور چوتھے سیٹ میں حمزہ خان کو 1-11 اور 6-11 سے شکست دے کر کم بیک کیا۔پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں حمزہ خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو 5-11 سے شکست دی۔پاکستان کی 0-2 سے فیصلہ کن برتری کے بعد دونوں ٹیموں نے تیسرا میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔خیال رہے کہ پاکستان سیمی فائنل میں ہفتے کو مصر سے ٹکرائیگا، جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر3 بجے شروع ہوگا۔۔۔۔

close