پہلی چیف آف آرمی اسٹاف نیشنل انٹرکلب ہاکی چیمپئن شپ رانا ظہیر اکیڈمی لاہور نے جیت لی

لاہور(پی این آئی) پہلی چیف آف آرمی اسٹاف نیشنل انٹرکلب ہاکی چیمپئن شپ رانا ظہیر اکیڈمی لاہور نے جیت لی، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میں رانا ظہیر کلب لاہور اور یوتھ ہاکی کلب ملیر کراچی کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔

 

 

دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، دلچسپ فائنل دیکھنے کیلئے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔اولمپئنز کی ایک بڑی تعداد نے بھی فائنل دیکھا۔ اولمپئنز نے قومی کھیل کی بحالی میں معاونت کے لیے میچ دیکھا۔اولپیئنز نے پاک فوج اور ہاکی فیڈریشن کے مشترکہ اقدام کو سراہا۔ٹورنامنٹ پاکستان بھر سے بہترین کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے بھی ٹیلنٹ ہنٹ ہے۔ فائنل میں لاہور کی رانا ظہیر ہاکی کلب نے کراچی کی یوتھ ہاکی کلب ملیر کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا اور پہلی چیف آف آرمی اسٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو گولڈ میڈلز اور گلدستے دیے۔ انہوں نے فاتح کپتان کو ٹرافی بھی دی۔صوبائی وزیر شہلا رضا، لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو رانا عاطف اور محمد حفیظ بھی تقریب میں موجود تھے،کراچی کی ٹیم نے اختتامی تقریب میں لاہور قلندرز کی شرٹ پہنی، فاتح ٹیم کو 30 لاکھ، رنرز اپ کو 25 جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 20 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔

close