قومی کرکٹرز بے روزگار ہو گئے، نوکریوں سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری

لاہور (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے جاری کی گئی پالیسی کے مطابق ادارہ جاتی کرکٹ کو ختم کر دیا گیا ہے اور علاقائی ٹیمیں بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اس حکم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واپڈا اسپورٹس بورڈ نے قومی کرکٹرز کو فارغ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ واپڈا اسپورٹس بورڈ نے گزشتہ ماہ دسمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ریجنل کرکٹ کرانے کو جواز بناتے ہو ئے کرکٹ ٹیمیں ختم کرنے کا حکمنامہ جاری کیا تھا اور اب اس حکمنامے کی روشنی میں قومی کرکٹرز کے کنٹریکٹ ختم کر کے انہیں فارغ کر دیا گیا ہے،

اس طرح کرکٹرز کے بے روزگار ہونے کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کامران اکمل ، وہاب ریاض ، سلمان بٹ ، صدیف مہدی ، ارشد اقبال ، صہیب مقصود اور احسان عادل کے اسپیشل کنٹریکٹ ختم ہو گئے ہیں جبکہ مستقل ملازم علی رفیق کو فوری طور پر ڈیوٹی پر واپس بلا لیا گیا ہے، ضرورت پڑنے پر ریلیز کیا جائے گا۔ کرکٹرز محمد آصف سہراب خان ، زاہد منصور، شاہد طارق اور مہندر پال سنگھ کا بھی کنٹریکٹ ختم کر دیا گیا ہے ، ماہانہ مشاہرہ لینے والے کرکٹر جہانزیب عبداللّٰہ کو بھی فارغ کر دیا گیا ، اب انہیں ماہانہ مشاہرہ نہیں ملے گا۔۔۔۔۔

close