اسلام آباد(پی این آئی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج ناقابل شکست پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔اوپنر محمد رضوان اور مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک فُلو کا شکار ہونے کے باعث گزشتہ روز پریکٹس نہ کرسکے اور دونوں کھلاڑیوں نے ڈاکٹر کے مشورے پر آرام کیا جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے 2 گھنٹے سخت پریکٹس کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا منیجر نے بتایا ہے کہ شعیب ملک اور محمد رضوان کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جو کلیئر آئے ہیں۔
ڈاکٹر آج صبح دونوں کھلاڑیوں کا چیک اپ کریں گے۔میچ سے قبل شعیب ملک اور محمد رضوان کی طبیعت بہتر نہ ہونے کی صورت میں سرفراز احمد اور حیدر علی کو پلئینگ الیون میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔آج کے میچ سے متعلق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں کپتان بابر اعظم کو کچھ نیا کرنے کی ضرورت نہیں، قومی ٹیم کا اعتماد بلند ہے۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے جو کھلاڑی چاہیے تھے وہی ملے، نڈر ہو کر فیصلے کررہے ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان واحد ناقابل شکست ٹیم ہے اور بابر الیون نے گروپ میں تمام 5 میچز کے دوران ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔محمد رضوان، بابر اعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تمام گروپ میچز میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دیدی تھی۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کا فائنل 14 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں