ملتان سلطانز یا پشاور زلمی، پی ایس ایل 6 کے فاتح کا فیصلہ آج ہوگا

ابوظہبی(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ 6 کی فاتح محمد رضوان کی ملتان سلطانز بنے گی یا چیمپئن کا سہرا وہاب ریاض کی پشاور زلمی کے سر پر سجے گا اس کا فیصلہ (آج)جمعرات کو ہوگا۔ایونٹ کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ہیڈ ٹوہیڈ مقابلوں میں ملتان سلطانز کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طورپر8 میچز کھیلے گئے،جن میں سے5 میں ملتان سلطانز نے کامیابی حاصل کی، پہلا موقع ہے کہ جب ملتان سلطانز نے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔پشاور زلمی کی ٹیم چوتھی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیل رہی ہے۔ملتان سلطانز کی ٹیم لیگ کے ابوظہبی مرحلے میں کھیلے گئیکوالیفائر سمیت 6 میں سے 5 میچز میں فتح حاصل کی، دوسری طرف پشاور زلمی کی ٹیم ابوظہبی مرحلے میں کھیلے گئے 5 میں سے صرف 2 میچز ہی جیت سکی تھی تاہم وہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں پہنچی۔پی ایس ایل 6 کی فاتح ٹیم کو ساڑھے 7 کروڑروپے،رنرزاپ کو 3 کروڑ روپے بطور انعام دیا جائیگا۔پلیئر آف دا ٹورنامنٹ کو30 لاکھ روپے،بہترین بیٹسمین،بہترین بولر،بہترین فیلڈر،بہترین وکٹ کیپر کو فی کس 8 ،8لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ جیتنے والی ٹیم کو 32 لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا ۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے پری فائنل میڈیا سیشنز میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ فائنل میں رسائی ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل ہر فرد کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے، کراچی کنگز کے خلاف میچ میں شاندار کم بیک کی وجہ بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے ابتدائی مرحلے میں ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی تاہم ابو ظہبی پہنچنے سے قبل ہم تمام تر چیلنجز سے بخوبی آشنائ￿ ہوچکے تھے، جس کی وجہ سے یہاں ہماری کارکردگی مؤثر رہی۔محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کی جیت میں تسلسل کی بنیادی وجہ ایک منظم اور جامع حکمت عملی کی تیاری اور پھر اس پر عمل کرنا رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ فائنل میں جیت کے لیے پرعزم ہیں، امید ہے کہ ٹیم اہم میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ بطور کپتان ٹیم کا فائنل میں پہنچنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ حضرت اللہ ززئی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں کو کہ ٹیم کے لیے اچھا ہے۔وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کی فائنل تک رسائی میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے حصہ ڈالا ہے،انضمام الحق، محمد اکرم اور ڈیرن سیمی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں، پشاور زلمی کی ٹیم پلے آف مرحلے کی طرح ایونٹ کے فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔کپتان پشاور زلمی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک وہ لیگ کے بہترین باؤلر نہیں بن پائے تاہم اس مرتبہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ہماری ٹیم تمام شعبوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے تاہم پشاور زلمی کی ٹیم فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

close