پی سی بی کا پنجاب میں سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنزکی ٹیموں کے لیےٹرائلز کا اعلان

لاہور(آئی این پی)صوبائی حکومت کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں کیدوبارہ آغاز کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبہ پنجاب میں موجود دونوں کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے لیے ٹرائلز کا اعلان کردیا ہے۔ سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز29 مئی سے 10 جون تک جاری رہیں گے۔ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ماتحت جو سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز بھی صوبہ پنجاب کا حصہ ہیں وہاں بھی کھلاڑیوں کے ٹرائلز انہی تاریخوں میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان ٹرائلز میں صرف ان کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی جو 12 سے 16 مارچ پر مشتمل اعلان کردہ ونڈو میں ان ایسوسی ایشنز کی سٹی کرکٹ ٹیموں کیٹرائلز کے لیے اپنی رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ٹرائلز کی غرض سے وینیو پر پہنچنے کے لیے ان تمام کھلاڑیوں کو اپنے اوریجنل شناختی کارڈیا ب فارم سمیت جمع کروائے گئے اپنے رجسٹریشن فارم کی پرنٹ شدہ کاپیز اپنے ہمراہ لانا ہوں گی۔تمام وینیوز پر ٹرائلز صبح 9 سے شام 6 بجے تک جاری رہیں گے۔تمام امیدواروں کو صبح 8 بجے تک سفید کٹ میں وینیو پر پہنچنا ہوگا۔تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون، سیکنڈ الیون اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کا کوچنگ اسٹاف ان ٹرائلز کی نگرانی کرے گا۔ ہائی پرفارمنس سنٹرز کے کوچز اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان بھی اس ضمن میں ان کی معاونت کریں گے تاہم ٹرائلز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے ان کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی متعلقہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن سے ہی تعلق رکھتے ہوں۔بلوچستان اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انڈر 19 اور سینئر کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز اپریل اور مارچ میں ہی مکمل کیے جاچکے ہیں۔خیبرپختونخوااور کشمیر سمیت ناردرن کے دیگر علاقوں میں کوویڈ 19 کی صورتحال میں بہتری کے بعد ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشنز کی دیگر سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز میں بھی کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے پروہاں قائم سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز میں ٹرائلز کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ یکم ستمبر 2002 کے بعد اور یکم ستمبر 2006 سے قبل پیدا ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں کو ہی ان سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی انڈر 19 ٹیم کی تشکیل کے لیے منعقدہ ٹرائلز میں شرکت کے لیے رجسٹر کیا گیا تھا۔ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر ٹیموں کو دو مختلف ٹورنامنٹس 2 روزہ اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ، جبکہ انڈر 19 ٹیموں کو پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ کے ایک ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔ان ٹورنامنٹس میں عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیموں میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔اس دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا۔ جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔بیٹ کے علاوہ کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

close