وہ پاکستانی بلے باز جس نے رنز کے ڈھیر لگا دیئے ، ویرات کوہلی اور رکی پونٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

لاہور(پی این آئی) ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانیوالے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم میں مستقل جگہ پانے کے لیے ”نظر کرم “ کے منتظر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو 2015ء کے بعد ون ڈے جبکہ 2010ء کے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے ۔

35 سالہ فواد عالم مئی 2017ء میں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم اس وقت کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا۔فواد عالم نے ابھی تک اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے اورقائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب کے خلاف 115 رنز کی باری کھیلی ۔فواد عالم اب تک 169 فرسٹ کلاس میچز میں 56.62 کی اوسط سے 12401 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 35 سنچریاں اور 60 نصف سنچریاں شامل ہیں اور اس وقت بھی کرکٹ کھیلنے والے پلیئرزکی فہرست میں بہترین اوسط کے لحاظ سے 5 ویں نمبر پر موجود ہیں ،سری لنکن بلے باز پاتھم نسانکا 67.54 کی اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں ، دورہ انگلینڈ کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنےوالے بھارتی بلے باز ہنومن وہاری 58.13 کی اوسط کے ساتھ دوسرے، سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ 57.95 کی اوسط کے ساتھ تیسرے اور بنگلہ دیشی بلے باز مصدق حسین 57.35 کی اوسط کیساتھ چوتھے نمبر پر ہیں،بھارت کے روہت شرما 56.04 کی اوسط کےساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں ۔فوادعالم کی فرسٹ کلاس اوسط لیجنڈری آسٹریلوی بلے باز رکی پونٹنگ (55.90)،سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ (55.33) اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی (53.91) سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے 2009ء میں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اگست 2020ء میں سائوتھمپٹن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔

close