قابل تقلید مثال، کرکٹر اظہر علی نے کورونا فنڈکے لئے بلا اور جرسی نیلامی کے لیے پیش کر دی

اسلام آباد (پی این آئی)قابل تقلید مثال، کرکٹر اظہر علی نے کورونا فنڈ کے لئے بلا اور جرسی نیلامی کے لیے پیش کر دی،اظہر علی نے وائرس کے خلاف وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے اپنے کرکٹ کیریئر کی دو قیمتی چیزوں کی نیلامی کا اعلان کردیا۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان

میں کہا کہ میں اپنی دو عزیز ترین چیزیں نیلامی کے لیے پیش کر رہا ہوں تاکہ اس وائرس کے بحرانی حالات میں لوگوں کی مدد کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ان دونوں چیزوں کی بولی کا آغاز 10 لاکھ فی کس سے ہو گا اور بولی کا عمل پانچ مئی تک جاری رہے گا۔اظہر علی نے جو دو چیزیوں نیلامی کے لیے پیش کیں اس میں ان کا وہ بلا ہے جس سے انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرپل سنچری اسکور کی تھی اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنی چیمپیئنز ٹرافی 2017 کی شرٹ بھی نیلامی کے لیے پیش کی جہاں فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔انہوں نے ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیو میں کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کی اس شرٹ پر اسکواڈ کے تام کھلاڑیوں کے دستخط موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں چیزیں میرے دل کے انتہائی قریب ہیں لیکن اگر یہ مشکل وقت میں لوگوں کے کام آ سکیں تو مجھے زیادہ خوشی ہو گی۔یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 2لاکھ 18ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 31 لاکھ 41 ہزار سے زائد وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔پاکستان میں بھی اب تک 300 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں وائرس کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کے لیے کورونا ریلیف فنڈ قائم کیا تھا جس میں مختلف اداروں اور لوگوں کی جانب سے عطیات کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے اور ملازمین کی طرف سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقیم ریلیف فنڈ میں عطیہ کی تھی۔

close