گیس کی قیمتوں میں 193 فیصد تک اضافہ مسترد کر دیا گیا

سکھر(آئی این پی)سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 193 فیصد تک اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد حکومت نے گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر کے غریب عوام کیلئے مشکلات بڑھا دی ہیں، غربت مہنگائی، بیروزگاری کے باعث عام آدمی کا گزر اوقات مشکل سے مشکل ہوتا جا رہا ہے،

حکمران عوامی مشکلات کا سدباب کرنے کے بجائے آئے روز بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو ذہنی مرض میں مبتلا کر رہے ہیں،جوکہ سراسر ظلم و ناانصافی ہے حکومت فوری طور پر گیس کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کے فیصلے کو واپس لے کر ملک سے غربت، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترمیں مختلف علاقوں سے آنیوالے شہریوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن و د یگر رہنما?ں کا مزید کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، غریب افراد اپنے بچوںکی کفالت کیلئے ایک وقت کی روٹی کے حصول کیلئے بھی پریشان دیکھائی دے رہے ہیں عوام میں بھاری بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کی سکت نہیں رہی ان حالات میں حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 193 فیصد تک اضافہ اور فکس چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے تک کر کے غریب عوام کیلئے مزید مشکلات بڑھا دی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر مہنگائی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کرکے ڈالنے کے بجائے عوامی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طورپر گیس کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کے فیصلے کو واپس لے کر ملک سے غربت مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔۔۔

close