شاپنگ سینٹر کی آگ، 25 افراد کی جانے بچانے کا کارنامہ، محمد عامر کو گولڈ میڈل دینے کا اعلان

کراچی (آئی این پی)کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتیو الا نے کراچی کے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے دوران اپنی جان پر کھیل کر 25افراد کی جان بچانے والے کراچی کے شہری محمد عامر کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیئے گولڈ میڈل انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاپنگ مال میں آتشزدگی کے دوران لفٹ بند اور سیڑھیاں جل رہی تھیں تو ایسے میں محمد عامر نامی شخص نے اپنے بیٹے سمیت 25 افراد کی جان بچائی،

باپ نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر لفٹ توڑی اندر داخل ہوکر بیٹے سمیت کئی افراد کی زندگیاں بچائیں، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی رہائشگاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ بہادری کا مظاہر ہ کرنے والے محمد عامر نامی شخص کو بیس لاکھ روپے انعام دیا جائے، چند روز قبل صبح سویر ے لگنے والی آگ سے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں اتنا دھواں بھر گیا تھا کہ فائر بریگیڈ آپریشن کے اہلکاروں تک کو امدادی کاروائیاں کرنے میں مشکل پیش آرہی تھی ایسی صورتحال میں کراچی کے دلیر اور بہادر عامر نامی اس شخص نے نا صرف اپنے بیٹے کو بچایا بلکہ 25 لوگوں کو مزید اس بلڈنگ سے بحفاطت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، انہوں نے کہا کہ عامر فجر کے وقت اپنے بیٹے کی فون کال پر آتشزدگی کا سن کر اس عمارت تک پہنچا اور پھر ریسکیو آپریشن میں بھرپور انداز میں حصہ لیا،اس وقت محمد عامر کے ذہن میں مشکلات کا خیال بھی نہیں تھا بس یہی فکر تھی کچھ بھی کر کہ اپنے بچوں کو بچانا ہے، شہری محمد عامر کا بیٹا عبدالسبحان دیگر دوستوں کے ساتھ شاپنگ سینٹر کی چوتھی منزل پر واقع کال سینٹر میں ملازمت کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بے شمار ایسی بلند وبالا عمارتیں ہیں جن میں ایمرجنسی راستے اور آتشزدگی سمیت دیگر کسی بھی مشکل صورتحال سے بچاو کے کوئی انتظامات نہیں ہیں ایسی تمام بلڈنگز کے خلاف کاروائی کی جائے اور بلڈنگ بنانے والے بلڈرز اور نقشہ منظور کرنے والے افسران کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ، شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور اس واقعے میں ملوث کرداروں کو سخت سزا دی جائے کیونکہ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے۔

close