ضمنی بلدیاتی انتخابات کے امیدارواں کی حتمی فہرست جاری، چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تین، تین نشستوں پر انتخابات ہوں گے

کراچی (آئی این پی )الیکشن کمیشن نے کراچی میں 5 نومبر کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدارواں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق کراچی میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تین، تین نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔کراچی کی مختلف یوسیز میں جنرل ممبر کی 4 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے، ضلع ملیر یو سی 7 ٹی ایم سی مراد میمن میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے ضمنی انتخابات کے لیے 6 امیدوار مدِ مقابل ہوں گے۔

مراد میمن یوسی7 میں چیئرمین کے لیے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ اور وائس چیئرمین کے لیے محمد سلیم میمن پیپلز پارٹی کے امیداور ہیں۔مراد میمن یوسی7 میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے تحریکِ انصاف اور ٹی ایل پی کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ضلع جنوبی یوسی 13 کلفٹن سے چیئرمین کے لیے 7 امیدوار میدان میں ہیں، اس یو سی سے چیئرمین کی نشست کے لیے پیپلز پارٹی سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، جماعت اسلامی سے نورالسلام اور ٹی ایل پی سے سکندر آگر امیدوار ہوں گے۔ضلع کیماڑی یوسی 3 ٹی ایم سی ماڑی پوری سے چیئرمین کی نشست کے لیے 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔یوسی 3 ٹی ایم سی ماڑی پور سے چیئرمین کے لئے پیپلزپارٹی کے سیف اللہ، جماعتِ اسلامی کے محمد حسن اور تحریکِ انصاف کے محمد زاہد امیدوار ہیں۔ضلع ملیر یوسی 8 ٹی ایم سی ابراہیم حیدری کی چیئرمین کی نشست پر مرتضی وہاب بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں ضلع جنوبی ٹی ایم سی صدر یو سی 6 میں وائس چیئرمین کے لئے 7 امیدواروں کے درمیان جبکہ ضلع جنوبی ٹی ایم سی صدر یو سی 12 میں وائس چیئرمین کے لیے 8 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔۔۔

close