عمران خان چارٹرڈ طیارے پر کراچی پہنچے، کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا دعویٰ

کراچی(آئی این پی) عمران خان کو وزارت عظمی ٰکے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پی ٹی آئی نے پشاور کے بعد کراچی میں پاور شوکیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اورعمران خان، شاہ محمود، شیخ رشید ، اسد عمر ، فیصل واوڈا اور ودیگر نے خطاب کیا۔کراچی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے اعلان کے بعد سے ہی کراچی میں شہریوں کا جوش و خروش عروج پر تھا گزشتہ رات سحری سے ہی لوگوں کی آمد شروع ہوگئی تھی اور پی ٹی آئی سپورٹرز کا انتظار اس وقت ختم ہوا جب عمران خان کراچی پہنچے ۔

جناح گرائونڈ میں پی ٹی آئی کارکنان اور عوام پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچموں کے ساتھ پہنچے اور جلسے میں ابھی پارٹی ترانے چلائے گئے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کراچی منی پاکستان ہے، شکر گزار ہوں کراچی نے ہمیشہ پی ٹی آئی کا خیال رکھا۔انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے نام پر مسلط ایم کیوایم کو بھی اپنے ساتھ شامل نہیں کرینگے۔پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے جلسے میں نعرے لگوائے کہ آصف زرداری کو جو یار ہے وہ غدار ہے۔

خرم شیر زمان نے ایم کیو ایم کی غداری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے قید دہشت گردوں کو رہا کروانا چاہتی تھی اور مرکز 90 واپس کھلوانے کا مطالبہ کررہی تھی۔پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ قائد کی مزار کے سائے تلے 100 کینٹینروں کی مدد سے اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اپنے حامیوں سے جلسے میں پاکستانی پرچم ساتھ لے کر آنے کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ اب یہ لڑائی ملک کی خود مختاری اور حقیقی جموریت کے لیے ہے۔پی ٹی آئی رہنما اور گورنر عمران اسمٰعیل نے دعوی ٰکیا کہ یہ جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ چاہے پی ٹی آئی پر سینسر لگے، پابندی یا کوریج روک دی جائے کیونکہ عوام تاحال پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کے لیے باہر آئیں گے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے دعوی کیا کہ پورا ملک احتجاج کے لیے باہر نکل آیا اور ہر شہر میں کراچی جیسے مناظر ہیں جو مہم کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ جو اس مہم کو بلیک آئوٹ کرے گا وہ خود کو بلیک آئوٹ کرے گا۔ کراچی پولیس نے پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں اور پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے اس کا اعتراف بھی کیا گیا اور کہا کہ سیکیورٹی حکام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا گیا ہے

۔پولیس کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے رضاکاروں کی جانب سے بھی سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے اور شرکا کے لیے بیٹھنے کا انتظام، خواتین اور بچوں کو جلسہ گاہ تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس کی ذمہ داری بھی نبھا ئی ۔شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک پلان ترتیب دیا ، فیملیز سے ہم نے کہا ہے وہ سوسائٹی انٹرسیکشن سے آئیں جہاں سے وہ شاہراہ قائدین سے باغ جناح میں داخل ہوسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال، گلستان جوہر اور یونیورسٹی روڑ سے آ نے والو ں نے اپنی گاڑیاں مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ کے ساتھ کھڑی کیں ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح نشترپارک، کے جی اے گرانڈ اور چائنا گرانڈ میں بھی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں سے فیمیلیز کے لیے جلسہ گاہ تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے وفاق میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے حکومت کے خاتمے کے بعد یہ دوسرا بڑا جلسہ ہے جبکہ کراچی میں اس سے قبل گزشتہ اتوار کو پی ٹی آئی

چیئرمین عمران خان کی جانب سے احتجاج کے لیے دی گئی کال پر میلینئم مال پر ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی۔پی ٹی آئی کے کراچی کے احتجاج کو ناقدین اور سیاسی تجزیہ کاروں نے ایک بڑی ریلی قرار دیتے ہوئے کراچی میں پی ٹی آئی کی جانب سے شہریوں کی توجہ حاصل کرنے کی جانب اشارہ قرار دیا تھا۔پی ٹی آئی نے دعوی کیا تھا کہ شو کا آغاز ہوگیا ہے اور باغ جناح میں اپنے قائد کے ساتھ دس لاکھ سے کم لوگ نہیں ۔

دریں اثناء سابق وزیراعظم عمران خان بھی جلسے کیلئے خصوصی طیارے پر کراچی پہنچے ۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے چارٹرڈ طیارے نے کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمینل پر لینڈ کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں نے عمران خان کا ٹرمینل ون پر استقبال کیا۔عمران خان کے کراچی ائیرپورٹ پر استقبال کیلئے تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت موجود تھی۔سابق وزیراعظم عمران خان کو خصوصی انتظامات کے تحت گورنر ہائوس کراچی لایا گیا۔سندھ رینجرز اور کراچی پولیس کی جانب سے بھی سابق وزیراعظم کے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔۔۔۔

close