راولپنڈی، 79 بجلی چوروں نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی

راولپنڈی ( آئی این پی )ضلع راولپنڈی میں انتظامیہ اور آئیسکو ٹیموں کا بجلی چوروں کے خلاف انسداد بجلی چوری آپریشن جاری‘ پولیس کو بجلی چوری میں ملوث 275افراد کے خلاف درخواستیں دی گئیں‘ 97 افراد بجلی چوری کے الزام میںگرفتار‘ 79افراد نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی۔تفصیلات کے مطابق رواں برس ستمبر میں شروع کیا گیا ضلعی انتظامیہ اور آئیسکو کا انسداد بجلی چوری آپریشن ضلع بھر بلخصوص راولپنڈی شہر میں تاحال جاری ہے۔

کئی علاقوں میں رات کے اوقات میں بھی میٹر چیکنگ کی جا رہی ہے۔ تحصیل انفورسمنٹ کمیٹیوں کی جانب سے ضلع بھر میں انسداد بجلی چوری اقدامات کے سلسلے میں گھریلو صارفین کے ساتھ کمرشل پلازوں’ ہوٹلوں’ ہسپتالوں اورتعلیمی اداروں میں میٹر کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔حالیہ انسداد بجلی چوری آپریشن میں آئیسکو حکام کی جانب سے پولیس کو بجلی چوری میں ملوث 275افراد کے خلاف درخواستیں دی گئیں جبکہ اب تک 97 افراد بجلی چوری کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہیں۔ 79افراد نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی جبکہ 23 افراد کو گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ عوامی شکایات کی روشنی میں بھی انسداد بجلی چوری ٹیمیں آپریشن کر رہی ہیں۔ حکومتی احکامات کی روشنی میں بجلی چوروں کے خلاف بلا تعطل کاروائی جاری رہے گی۔زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close