لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول کو آخری دن سمجھ آئی ہے کہ حکومت اداروں کو اپنی حدود میں کام کروانے میں ناکام رہی ہے، رخصتی سے پہلے انہیں میثاق جمہوریت کی قبر یاد آ گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو کہتے تھے ڈالر اور سرمایہ کاری لائیں گے انہوں نے آسمان سے مہنگائی کی بارش کی ہے، ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا کہ 24کروڑ عوام والے ایٹمی ملک کی نگران حکومت کی گھنٹی کس کے گلے میں ڈالنی ہے اور کتنے عرصے کیلئے ڈالنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ مزید خاموش رہی تو سب کچھ بہہ جائے گا، چلمن کے پیچھے والے چہرے سامنے آجائیں گے، آئین اور قانون ہاتھ جوڑ کر باادب کھڑا ہو جائیگا، اتحادی پارٹیوں میں اتحاد کے علاوہ ہر چیز موجود ہے، نگران وزیراعظم کا فیصلہ بھی پارلیمانی کمیٹی یا الیکشن کمیشن کے پاس جا سکتا ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ لوگوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح چلایا جا رہا ہے، الیکشن میں جا رہے ہیں مگر الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں پر اور نئی مردم شماری پر ابھی تک واضح اعلان سامنے نہیں آیا، حکومت بجلی صارفین پر مزید 144ارب روپے کا بوجھ ڈال سکتی ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈالر عنقریب 300کراس کر جائے گا، غریب چیختا چلاتا رہ جائے گا، جب تک عوام کو قومی معاملات میں شامل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ملک کے سیاسی، اقتصادی، معاشی اور مالیاتی حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں