پی ٹی آئی کے امیدواروں کے تجویز کنندگان بھی پکڑے گئے

رحیم یار خان(آئی این پی) رحیم یار خان سے انتخابات میں حصہ لینے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی سکروٹنی کیلئے آئے 13 تجویز کنندہ کو پولیس نے ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر سے حراست میں لے لیا۔پی ٹی آئی امیدواروں کے وکلا کے مطابق امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کا عمل مکمل نہیں کرنے دیا جا رہا۔ پولیس پی ٹی آئی کے رہنمائوں کو ہراساں کر رہی ہے۔حلقہ این اے 173 سے پی ٹی آئی امیدواروں کے پانچ تجویز کنندہ کو حراست میں لیا گیا۔

حلقہ پی پی 259 سے 7 اور حلقہ پی پی 263 سے پی ٹی آئی امیدوار کے ایک تجویز کنندہ کو حراست میں لیا گیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی امیدواروں کی سکروٹنی کیلئے آئے متعدد تجویز کنندہ کو گرفتار کیا گیا۔ پی پی 263 کے آر او کے دفتر میں پی ٹی آئی امیدوار اور وکلا کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی۔

close