سیاستدانوں کو دھمکیاں ملنے کی رپورٹ، سینئر سرکاری افسر کے انکشاف نے سنسنی پھیلا دی

لاہور(آئی این پی )سیکرٹری داخلہ پنجاب شکیل احمد نے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے سیاستدانوں کو دھمکیاں ملنے کی رپورٹس ملی ہیں، جن سیاستدانوں کو دھمکیاں ملی ہیں ان کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ پنجاب نے انکشاف کیا کہ عام انتخابات کیلیے پنجاب کے پاس مطلوبہ پولیس دستیاب نہیں، پنجاب کے پاس انتخابات کیلئے مطلوبہ پولیس سے صرف نصف اہلکار دستیاب ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ ہمیں عام انتخابات کیلئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد لینا پڑے گی۔ انتخابات کیلیے انتظامات کے بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے، انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، ہمیں کسی قسم کا ابہام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے موقع پر قیام امن کیلئے ضلعی سطح پر پلان تیار کریں گے، قیام امن کیلئے انتخابات سے قبل ڈی سیز کو دفعہ 144 نافذ کرنے کا اختیار دوبارہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیز کو مزید بااختیار بنانے کیلئے ایک بار پھر آرڈنینس تیار کر لیا، تمام سیاسی جماعتوں سے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرائیں گے۔

close