بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو پھر۔۔۔۔ جماعت اسلامی نے دہمکی دیدی

پشاور(آئی این پی )امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمران اور واپڈا کے ذمہ داران سن لیں بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو صرف احتجاج پر اکتفا نہیں کریں گے بلکہ پھر ہمارا ہاتھ ہوگا اور حکمرانوں کے گریبان ہوں گے۔ پیسکو چیف نے سیکورٹی طلب کی ہے لیکن ان کی سیکورٹی بھی دھری کی دھری رہ جائے گی۔ عوام کی آواز کو سنیں ایسا نہ ہو کہ ان کے ہاتھ آپ کے گریبانوں میں پڑیں۔ خودکشیاں کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، باہر نکل کر ان سے حقوق چھیننے ہوں گے۔

مہنگائی کی اس لہر کو کنٹرول کیا جائے، بجلی کے بلوں میں اضافہ ختم کیا جائے، پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں کو بھی کم کیا جائے۔ ہماری تحریک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہری پور میں بجلی کے بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے کا آغاز جامعہ تفہیم الاسلام سے ہوا جس نے شیرانوالہ چوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کی۔ مظاہرے کی قیادت پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر جماعت اسلامی ضلع ہری پور غزن اقبال خان اور تحصیل ہری پور کے امیر طارق رفیق کررہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بجلی بلوں میں اضافے ، حکمرانوں اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے جاتے جاتے مہنگائی کے کئی بم گرائے۔ تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھائیں، پھر بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا۔ بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھ گئی ہے، مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام بچوں سمیت خودکشیوں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمران کمفرٹ لیول سے نکلیں، ساری سختیاں عوام کے لیے نہ چھوڑیں، کچھ خود بھی برداشت کریں۔ ان کے کمفرٹ لیول کی وجہ سے قوم تکلیف میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر عوام نے صالح اور نیک لوگوں کو حکمران بنایا ہوتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ انھوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، عوام کے پاس اب بھی موقع ہے کہ کرپٹ اور ان کا خون نچوڑنے والے حکمرانوں سے جان چھڑائیں اور نیک، صالح، دیانتدار اور امانتدار قیادت کو اسمبلیوں میں پہنچائیں۔ جماعت اسلامی کے پاس ایسی قیادت موجود ہے۔ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کرے، اس ملک کو جماعت اسلامی ہی بحرانوں سے نکالے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close