خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم کی دو اتحادی جماعتیں آمنے سامنے آ گئیں

پشاور(آئی این پی)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کے درمیان گورنر خیبرپختونخوا کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کر گئے،اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے مولانا فضل الرحمان کی صحافیوں سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کوئی حلوہ نہیں کہ ہرکوئی کھائے، دین کا لباس اوڑھے ملک کا جو حشر کیا ہے، ایک دن اس کا جواب دینا ہو گا،حکومتوں کے بھوکے اور بھکاری نہیں ہیں اور میں نے کسی بزرگ کی بڑی کرپشن کی بات نہیں کی،

انہوں نے کہا کہ میں نے صرف گورنر کی بات کی جو قوم کو پتہ ہے وہ مولانا اور ان کی پارٹی کیلئے شرم کا باعث بن چکے ہیں۔ایمل ولی خان کا کہنا تھاکہ اپنے سمدھی اور فیصلوں کو اپنانے کی ہمت پیدا کریں، غلام علی کی حمایت میری عظیم غلطی ہے اور میں اپنی یہ غلطی تسلیم کرتا ہوں، مجھ معلوم نہیں تھا کہ وہ کیسا بندہ ہے، آپ کے گھر کا بندہ ہے ، آپ انہیں خوب جانتے تھے،ان کا کہنا تھاکہ آپ کی حکومت ایم ایم اے کی صورت میں ہی ممکن ہے، وگرنہ آپ نے پی ٹی آئی کو بخش ڈالا ہے، ایک بار پھر دہراتا ہوں، گورنرپختونخوا جے یو آئی کیلئے باعث شرمندگی بن رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں