بارشیں ہی بارشیں , محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں بارے الرٹ جاری کردیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے  کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ 10 سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

10 ،11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مری  گلیات اور پہاڑی علاقوں  میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے  صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی  ہدایات  کردی ۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،

محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔

 بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،

بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔