ریٹائر ملازمین کو پنشن کی ادائیگی، بڑی خبر آگئی

سندھ حکومت نے یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن کی ادائیگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پنشن اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اکاؤنٹنٹ جنرل، سیکریٹری خزانہ، سروسز، صحت اور جنرل ایڈمنسٹریشن نے شرکت کی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سرکاری ملازم کو ملازمت کے آخری روز پنشن اور بنیادی مالی واجبات ملنے چاہئیں۔ تمام صوبائی محکمے زیر التوا پنشن بل 3 ماہ میں کلیئر کریں، جبکہ پنشن کے حصول کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جائے۔

علاوہ ازیں سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں محکماتی ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت کی گئی، جس میں اے جی سندھ، خزانہ، صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکمے شامل ہوں گے۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے ضرورت کے مطابق قواعد میں ترامیم بھی تجویز کی جائیں، جبکہ پنشن کی ادائیگی کا حتمی عملی فریم ورک ایک ہفتے میں پیش کیا جائے۔

اجلاس میں سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز میں تاخیر کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں نامکمل دستاویزات، ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر کی نشاندہی کی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ میڈیکل کلیمز میں تاخیر پالیسی یا فنڈز نہیں بلکہ انتظامی رکاوٹوں کا مسئلہ ہے، میڈیکل ری ایمبرسمنٹ میں غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کی جائے۔

انہوں نے سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔