وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے گلیوں اور محلوں میں فضلہ پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ممنوعہ مقامات پر باقیات اور فضلہ پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کے لیے ویجلنس اسکواڈ قائم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے عوام کو ممنوع مقامات پر باقیات اور فضلہ نہ پھینکنے کے لیے جامع ابلاغ عامہ مہم کی ہدایت بھی کی ہے۔
مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہر شہر میں ڈرین، کینال اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی کے علاوہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں صفائی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر ریلوے کالونیز اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کا اہتمام کیا جائے، اور پنجاب بھر کی 2687 کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر صفائی کے لیے ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرے گا، اور اعلیٰ صفائی کرنے والوں کو انعام جبکہ شکایات پر سزا دی جائے گی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ چاندرات کے آخری پہر، کمرشل مارکیٹس، مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں کی صفائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں باقیات اور فضلہ ڈالنے کے لیے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ بھی فراہم کیے جائیں گے اور ستھرا پنجاب عملہ ڈور ٹو ڈور کلیکشن کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






