وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

مریم نواز شریف کی زیرِ قیادت پنجاب میں لائیواسٹاک کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آ رہی ہے، جس کے تحت صوبہ وسیع پیمانے پر گوشت کی برآمدات کے لیے تیار ہو رہا ہے۔

حکومتی منصوبے کے مطابق تقریباً 10 لاکھ جانور ایکسپورٹ کیے جائیں گے، جبکہ اس مقصد کے لیے ایک چینی کمپنی سمیت 7 اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔ چین کی “گلوبل میٹ کمپنی” PAMCO کے تعاون سے پنجاب میں جدید بوائلر یونٹ قائم کرے گی، جہاں گوشت کو برآمد کے لیے تیار کیا جائے گا۔

پروجیکٹ کے تحت 3 لاکھ گائے اور بھینسوں جبکہ 3 لاکھ مینڈھوں کی فیٹنگ (Fattening) کی جائے گی، اور مجموعی طور پر 20 لاکھ جانوروں کی ٹیگنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا تاکہ ایکسپورٹ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں جدید ویٹرنری اسپتال قائم کیے جائیں، جبکہ ہر تحصیل میں 4 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں بھی کام کریں گی تاکہ دیہی علاقوں میں مویشیوں کے علاج کی سہولت بہتر ہو سکے۔

دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مفت مویشیوں کی فراہمی کا کوٹہ دگنا کر دیا گیا ہے، جبکہ لائیواسٹاک فارمنگ میں پہلی بار میکانائزیشن متعارف کرواتے ہوئے مشینری کی خریداری پر 60 فیصد تک سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ماضی میں لائیواسٹاک جیسے اہم شعبے کو نظر انداز کرنا ایک بڑی کوتاہی تھی، تاہم اب اسے معیشت کی مضبوطی اور دیہی خوشحالی کا اہم ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close