وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف پولیس وردی پہننے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف پولیس وردی پہننے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی وردی پہننے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست لاہور کی سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ہے، یہ درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی جب کہ قانون کے تحت کوئی بھی غیر متعلقہ شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا، پولیس کو مریم نواز کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی، عدالت پولیس کی وردی پہننے پر مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ سینٹر چوہنگ میں خواتین اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کی وردی میں پریڈ کا معائنہ کیا، پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلی مریم نواز کی آئی جی پنجاب کے ہمراہ پولیس یونیفارم میں تصویر پر ردعمل دیا، پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پچھلے سوا سال میں پنجاب بھر میں ن لیگ اور اسٹیبلشمنٹ کے لندن پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے “پنجاب پُلس” اور آئی جی نے گھٹیا ترین کردار ادا کیا، ہزاروں کارکن گرفتار کیے گئے، غیرقانونی ریڈ اور اغوا برائے بیان کو بطور سیاسی ہتھیار استعمال کیا گیا، اس لیے ان تمام کرداروں کو اکٹھا دیکھ کر عوام کی نفرت میں مزید اضافہ ہی ہوتا ہے۔

close