میٹرک اور انٹرکے امتحانات کب ہونگے؟ اعلان ہوگیا

کراچی (پی این آئی )سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈ امتحانات مئی میں ہونگے،نجی ٹی وی 24نیوز کے مطابق امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے نفاذ اور امتحانی مراکز میں موبائل فون لانے پر ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ اور وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی کی زیر صدرات بورڈ امتحانات کے حوالے سے اجلاس ہوا،اجلاس میں آئندہ ماہ سے سندھ میں شروع ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈ امتحانات کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نور احمد سموں، سیکرٹری سکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، سیکرٹری کالج ایجوکیشن صدف انیس شیخ، بورڈز کے چیئرمین، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ سربراہان کی طرف سے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دوران اجلاس آگاہی دی گئی کہ میٹرک کے امتحانات مئی کے پہلے ہفتہ جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مئی کے آخر میں لینے کے حوالے سے تیاری مکمل کر لی گئی ہے،کراچی میں میٹرک کے 250 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، جس میں 350,198 امیدوار امتحان دیں گے، کراچی میٹرک کے امتحان کیلئے سرکاری سکولز کے 73,724 جبکہ نجی سکولز کے 276,474 امیدوار امتحان دیں گے،انٹرمیڈیٹ امتحان کیلئے کراچی میں 290,220 امیدوار حصہ لیں گے۔

close