وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کی عوام کیلئے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا

پشاور(پی این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخوا میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں صوبے کے گنجان آباد علاقوں کے لئے موٹر بائیک رسپانس یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،یہ یونٹ گنجان آباد مقامات میں ہنگامی صورتحال میں بروقت ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے فرسٹ ایڈ سروس کے طور پر کام کرے گا۔

اجلاس میں پشاور کے علاقہ حیات آباد کو ہیلتھ کیئر سٹی ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ بھی کیا،صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ سروس ڈیلیوری کی مانیٹرنگ اور بہتری کے لئے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ کے پی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں تمام عملے کی یکساں قسم کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں، اس سلسلے میں کسی کے ساتھ زیادتی یا فیور نہیں ہونی چاہیے، ڈیوٹیوں سے متعلق عملے کی جائز شکایات کے ازالے کے لئے محکمہ صحت میں ایک مرکزی شکایات سیل قائم کیا جائے، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے تیمارداروں کے بیٹھنے اور سونے کے لئے الگ سے جگہیں مختص کی جائیں، تیمارداروں کے سونے کے لئے ان مختص جہگوں میں بیڈز کا انتظام کیا جائے، تدریسی ہسپتالوں کے بورڈز میں میرٹ کی بنیاد پر پیشہ ور لوگ رکھے جائیں۔

close