کوہاٹ میں متعدد دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا

پشاور(آئی این پی )محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر متعدد دکانداروں کو گرفتار کرلیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کوھاٹ عبدالحفیظ کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر واجد علی نے کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کرنے سمیت ایکسپائری کو چیک کیا۔ مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے پر محکمہ خوراک کے افسران نے متعدد دکانداروں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانے میں مراسلے جمع کردیئے۔

گرانفروشوں میں پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ نانبائی‘فروٹ فروش ‘ مرغی فروش اور دیگر شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کوہاٹ عبد الحفیظ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروش کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جن کے خلاف کوہاٹ بھر میں آپریشن کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروش شہر کے کسی بھی کونے میں ہوں محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش فراہم کرنا محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

close