ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں ،17 منچلے گرفتار

پشاور(آئی این پی) سٹی ٹریفک پولیس پشاو نے عید الفطر کے موقع پر ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 17 منچلے نوجوانوں کو گرفتار کر کے موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے عید الفطر کے موقع پر منچلے جوانوں کی جانب سے خطرناک طریقے سے ون ویلنگ کرنے پر مختلف سیکٹروں میں عید الفطر کے موقع پر رش کم کرنے کیلئے تعینات سپیشل پٹرولنگ موبائلز کو ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی جس پر سپیشل پٹرولنگ فورس نے مختلف سیکٹروں میں کارروائیاں عمل میں لائیں اور 17 منچلے نوجوانوں کو گرفتار کر کے موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردیں۔

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ہدایت کی تھی کہ عید الفطر پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران و اہلکار نوجوانوں کی جانب سے ون ویلنگ پر کارروائیاں عمل میں لاکر ان کے والدین سے ملیں اور ان سے باقاعدہ تحریری طور پر ضمانت لیکر چھوڑیں اور آئندہ گرفتاری پر سخت قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان طبقہ ون ویلنگ جیسی لعنت سے گریز کریں اور اپنی زندگیوں کو محفوظ بنائیں چھوٹی سی غلطی ان کی پوری زندگی کو معذوری اور قیمتی جان کی ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ والدین بھی اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے منع کرکے انکی زندگیاں محفوظ بنائیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close