گلگت بلتستان میں اراضی اصلاحات کا اعلان، غیرمقامی افراد کیلئے خریدوفروخت ممنوع

گلگت (آئی این پی)وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرونی سلامتی کی میں لی جانے والی تمام گاڑیوں کو بتدریج ختم کرکے سیکورٹی کیلئے گاڑیاں حکومت فراہم کرے گی۔ حکومت نے پہلی مرتبہ پولیس فورس کیلئے درکار وسائل فراہم کئے ہیں اور پولیس فورس کیلئے آسامیاں پیدا کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور بیرون ملک مقیم گلگت بلتستان کے شہریوں سے کئے گئے وعدے کے مطابق گلگت بلتستان اوورسیز کمیشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے بیرون ملک مقیم گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔

دبئی وزٹ کے دوران بھی گلگت بلتستان کمیونٹی نے بھی درخواست کی تھی۔ دہشت گردی کے جرائم کی مکمل روک تھام کیلئے سی ٹی ڈی کو مکمل فعال بنایا جائے گا اس حوالے سے سی ٹی ڈی کیلئے درکار آسامیوں اور دیگر وسائل کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی جارہی ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کوہ پیمائی کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح کی ہائی الٹی چیوٹ ٹریننگ کا بندوبست کررہی ہے جس سے مہم جو سیاحت اور معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی کابینہ اجلاس کے موقع پر صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ سی ٹی سکین اور ایم آر آئی مشینوں کی فوری مرمت کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈاکٹروں کی کمی کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ینگ ڈاکٹرز کیلئے تاریخی اقدامات کررہے ہیں جس کے تحت گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ینگ ڈاکٹرز کو ملک کے نامور اداروں میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کیلئے حکومتی سطح پر بھجوایا جارہا ہے۔

وزیر اعلی نے ڈاکٹرزریگولرئزیشن ایکٹ کے تحت جلد از جلد ڈاکٹروں کی مستقلی کے عمل کو مکمل کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو معیاری گندم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ گندم کی چوری میں ملوث ملازمین اور دیگر افراد کو سخت سزائیں دلوانے کیلئے قانونی مسودہ منظوری کیلئے متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ گندم کی چوری اور سمگلنگ میں ملوث ملازمین اور دیگر افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔ سرکاری ملازمین کے غیر قانونی شکار میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہے اس حوالے سے سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کیخلاف سخت محکمانہ اور سزاں کیلئے قانون سازی کا مسودہ متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات کے حوالے سے ادا کئے جانے والے معاوضوں کا ازسرنو جائزہ لے کر نقصانات کے معاوضوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

سابقہ ادوار میں زمینوں کے نام پر صرف سیاست کی گئی۔ تحریک انصاف کی حکومت زمینوں کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ تین ماہ میں اصلاحات اراضی کا قانون اسمبلی میں پیش کیاجائے گا۔ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق اور زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ہدایات کی روشنی میں تین ماہ کیلئے غیر مقامی افراد کو زمینوں کی خرید و فروخت پر عارضی پابندی عائد کی جارہی ہے تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔ تحریک انصاف کی عوامی حکومت عوامی حقوق کا دفاع کرے گی۔۔۔۔۔۔

close