چکوال‘ 90روپے فی کلو چینی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن شروع

چکوال(آئی این پی)چیف افسر بلدیہ چکوال مخدوم احمد بلال نے بدھ کے روز بتایا کہ 90روپے فی کلو چینی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر بلال ہاشم کی ہدایت پر منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن شروع کردیاگیا ہے اور مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کیخلاف 2ایف آئی آرز بدھ کے روز درج کرادی گئی ہیں جبکہ20ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیاگیا ہے اور حکومت کی رٹ کو سو فیصد یقینی بنایاجائے گا۔

اپنے دفتر میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف افسر نے مزید بتایا کہ 90روپے فی کلو ایمپورٹڈ چینی وافر مقدار میں انتظامیہ کی طر ف سے مقرر کردہ سٹالوں پر دستیا ب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ایمپورٹڈ چینی کی کوالٹی ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خود یہ چینی استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ خود دفتر میں آکر گراں فروشوں کی نشاندہی کررہے ہیں اور اس حوالے سے ہم خود فرضی گاہک بھیج کر گراں فروشوں کی موقع پر تصدیق کررہے ہیں اور دکانداروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے عوام سے بھی استدعا کی کہ وہ ایمپورٹڈ چینی کا استعمال کریں اور زیادہ قیمت وصول کرنے والے گراں فروشوں کی نشاندہی کریں۔۔۔۔

close