سرکاری ملازمین کی سالانہ انکریمنٹ ختم کرنے، ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے، پنشن ختم کرنے کی حکومتی تجاویز کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان ورکرز فیڈریشن کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر سالانہ انکریمنٹ ختم کرنے اور ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ پنشن جیسی مراعات کو ختم کرنے کی حکومتی تجاویز کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور پاکستان ورکرز فیڈریشن ہر فورم پر ملازمین کے حقوق کا مکمل دفاع کرے

گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد ظہور اعوان، پاکستان ورکرز فیڈریشن ناردرن پنجاب کے صدر چوہدی محمد یٰسین، جنرل سیکرٹری ٹکا خان، چیئرمین ملک عبدالرؤف اور نیشنل کورآڈی نیٹر شوکت علی انجم نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں کیا، انھوں نے کہاکہ گورنمنٹ آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کے لیے مزدوروں کا استحصال کر رہی ہے اور ان فیصلوں سے ملک بھر کے سرکاری ملازمین میں سخت بے چینی پائی جارہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ذرائع سے معلوم ہو ا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر سالانہ انکریمنٹ ختم کیے جانے کا امکان ہے، اصلاحات کمیشن نے تنخواہوں پر سالانہ انکریمنٹ ختم کرنے کی سفارشات حکومت کو بھجوا دی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ملازمین کی مدت ملازمت کم کر کے 55 سال مقرر کرنے اور پنشن جیسی مراعات نہ دینے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں جو کہ مزدوروں کا معاشی قتل ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی منشور کے خلاف ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے اور ہم انشا ء اللہ مزدوروں کے تمام حقوق کا ہر قیمت پردفاع کریں گے، انھوں نے اپوزیشن رہنماؤں کا اسمبلی میں مزدوروں کے ان مسائل کے حوالے سے آواز بلند کرنے پر شکریہ اد ا کیا اور اس موقع پر حکومت پاکستان اور وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ ان تجاویز پر فوری نظر ثانی کی جائے اور کوئی ایسا فیصلہ نہ کیا جائے جس سے مزدوروں کے حقوق غصب ہوں۔ پہلے ہی کرؤنا وائرس جیسی وباء نے مزدور طبقہ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور ملکی معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ان مسائل پر سنجیدگی سے غور نہ کیا تو پاکستان ورکرز فیڈریشن ملک بھر سے اپنی محلقہ ٹریڈ یونینز کا مشاورتی اجلاس بلا کر اس حوالے سے اہم فیصلے کرئے گی۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے تمام سرکاری ملازمین کی آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم پر متحد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ملازمین کے حقوق کے لیے ان کی ہر تحریک کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

close