*آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کر لی*
وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ، وفاقی محتسب اور صدر پاکستان کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
چیف جسٹس امین الدین خان کے تحریر کردہ 12 صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا گیا کہ پنشن کی قانونی اہلیت کے تقاضے نظرانداز کر کے کسی کو پنشن دینے کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔
عدالت نے کہا کہ وفاقی محتسب قانون میں مقرر طریقہ کار کو نظرانداز نہیں کر سکتا، پنشن کی درخواست مسترد ہونا بذات خود بدانتظامی نہیں، اس کے لیے من مانی یا غفلت ثابت ہونا ضروری ہے۔
کیس جاوید اقبال بھٹی سے متعلق ہے جن کی بیمہ شدہ ملازمت 6 سال سے بھی کم تھی، ای او بی آئی نے انہیں پنشن کے بجائے 48 ہزار روپے اولڈ ایج گرانٹ ادا کی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ گرانٹ سے ماہانہ پنشن کا مستقل حق پیدا نہیں ہوتا۔
فیصلے میں واضح کیا گیا کہ ای او بی آئی قانون کے تحت اولڈ ایج پنشن کے لیے کم از کم 15 سال کی بیمہ شدہ ملازمت ضروری ہے، اور یکم جولائی 2008 کے بعد بیمہ شدہ افراد پر 5 سال کی رعایت لاگو نہیں ہوتی۔






